پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے میلبورن میں شروع ہو گا

Published On 26 December,2023 02:03 am

میلبورن: (دنیا نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور اہم میچ آج سے میلبورن میں شروع ہو گا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 4 بجے شروع ہو گا، قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ کیلئے 12 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا، پہلے میچ میں جگہ بنانے والے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو دوسرے میچ میں ڈراپ کر دیا گیا ان کی جگہ محمد رضوان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

فہیم اشرف کی جگہ حسن علی اور انجرڈ خرم شہزاد کی جگہ میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، ساجد خان کو بھی 12 رکنی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستانی ٹیم نے اپنی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کیلئے میلبورن میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، بارش کے باعث کھلاڑیوں نے انڈور پریکٹس کی۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے سرفراز احمد کیلئے ڈراپ کرنا سخت لفظ ہے انہیں آرام دیا گیا ہے، کنڈیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے رضوان کا انتخاب کیا گیا ہے، بیٹنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، پچ دیکھ کر فائنل الیون کا اعلان کیا جائے گا، واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔