پاکستان ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار افغانستان سے ہار گیا

Published On 25 March,2023 12:27 am

شارجہ : ( دنیا نیوز ) افغانستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو شکست دے کر کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کی تاریخ میں گرین شرٹس کے خلاف پہلی کامیابی سمیٹ لی۔

شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا فاتحانہ آغاز کر لیا، فاتح ٹیم نے 93 رنز کا ہدف 17.5 اوورز میں حاصل کیا جبکہ پاکستان کو ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز 16 ، ابراہیم 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کریم جنت نے 7 اور محمد نبی نے 38 رنز کی اننگ کھیلی۔

قبل ازیں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 92 رنز بنائے تھے اور افغانستان کو جیت کے لیے 93 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 17 ، محمد حارث 6 اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ طیب طاہر نے 16، شاداب خان نے 12 اور عماد وسیم نے 18رنز کی اننگ کھیلی۔

افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی ، مجیب الرحمان اور محمد نبی نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نبی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔