اسلام آباد(ویب ڈیسک)سابق بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ میرے خیال میں بھارت پاکستان جاکر ایشیا کپ نہیں کھیلے گا کیونکہ وہاں کے حالات بہتر نہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق سپنر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں ان کے سابق وزیراعظم عمران خان تک محفوظ نہیں، انہیں کچھ لوگوں نے گولیاں ماریں ، ایسی صورتحال میں بھارتی ٹیم پاکستان میں جاکر ایشیا کپ کیوں کھیلے؟
انہوں نے کہا کہ میری نظر میں بھارت کو کسی صورت پاکستان نہیں جانا چاہیے اور ایشیا کپ کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں، ہربھجن نے کہا کہ اگر پاکستان میں آئی سی سی ایونٹ بھی منعقد ہوتے ہیں تو پھر بھی بھارت کو وہاں نہیں جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے ایشیا کپ کے اپنے میچز یو اے ای میں کھیلنے کی تجویز دیدی
واضح رہے کہ پاکستان کو رواں سال ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنی ہے جبکہ بھارت نے پاکستان میں ٹیم بھیجنے سے انکار کیا ہوا ہے، اس کا مؤقف ہے کہ ایشیا کپ پاکستان سے کسی دوسرے ملک شفٹ کیا جائے۔
بھارت کی جانب سے ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے اعلان پر پاکستان نے بھی رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ سے دستبردار ہونے کی دھمکی دی ہوئی ہے۔