ملتان سلطانز کو 1 سکور سے شکست، لاہور قلندرز دوسری بار پی ایس ایل کا چیمپئن بن گیا

Published On 18 March,2023 06:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو 1 سکور سے شکست دے کر لاہور قلندرز پی ایس ایل کا دوسری بار چیمپئن بن گیا۔

لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، فخر زمان اور مرزا طاہر بیگ اوپنگ کیلئے آئے تو دونوں نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا، مرزا طاہر بیگ نے 166 اعشاریہ 67 سٹرائیک ریٹ سے 18 گیندوں پر 30 رنز بنائے اور 38 کے مجموعی سکور پر احسان اللہ کی گیند پر خوشدل شاہ کو کیچ دے بیٹھے۔

فخر زمان کا ساتھ نبھانے عبد اللہ شفیق آئے اور دونوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 95 پر پہنچا دیا اس کے بعد فخر زمان 39 رنز بنا کر اسامہ میر کے ہاتھوں آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، عبد اللہ شفیق نے مزاحمت جاری رکھی لیکن ان کا ساتھ دینے کیلئے آنے والے سیم بلنگز، احسن بھٹی بھی زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہ سکے اور 111 کے مجموعی سکور پر دونوں آؤٹ ہو گئے۔

سیم بلنگز اور احسن بھٹی کی طرح سکندر رضا بھی اچھی بیٹنگ نہ کر سکے اور اگلے ہی اوور میں 1 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد آنے والے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کریز پر موجود عبد اللہ شفیق کا ساتھ دیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 178 تک پہنچا دیا، اس کے بعد عبد اللہ شفیق ہمت ہار بیٹھے اور 40 گیندوں پر 65 رنز کے ساتھ انور علی کے گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

 کپتان شاہین آفریدی نے آخر تک شاندار بیٹنگ کی اور 293 اعشاریہ 33 کے سٹرائیک ریٹ سے صرف 15 گیندوں پر 44 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، یوں لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 200 رنز بنائے اور مخالف ٹیم کو بڑا ہدف دینے میں بھی کامیاب ہو گئی، ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 3 کھلاڑی، انور علی، احسان اللہ اور خوشدل شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 ہدف کے جواب میں ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنانے والے عثمان خان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شروعات کچھ اچھی نہیں تھی، پہلے پاور پلے میں عثمان خان 18 رنز بنا کر ڈیوڈ ویزے کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، جس کے بعد رئیلی روسو اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 105 پر پہنچا دیا۔

رئیلی روسو نے 32 گیندوں پر شاندار 52 رنز کی اننگز کھیلی اور راشد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، کیرن پولارڈ اور محمد رضوان کا ساتھ 122 کے مجموعی سکور تک رہا اس کے بعد محمد رضوان بھی 34 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر ڈیوڈ ویزے کو باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے، ٹم ڈیوڈ بھی 20 رنز بنا کر شاہین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

انور علی ایک، اسامہ میر صفر سکور پر آؤٹ ہو گئے، خوشدل شاہ نے تھوڑی مزاحمت لیکن وہ بھی 25 رنز بنا کر ڈیوڈ ویزے کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے، عباس آفریدی 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 199 رنز بنا پائی، لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی 4، راشد خان نے 2 کھلاڑیوں اور ڈیوڈ ویزے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

چیمپئن ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے علاوہ 12 کروڑ روپے کی خطیر انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے ملیں گے۔

لاہور قلندرز سکواڈ

فخر زمان، مرزا طاہر بیگ، سیم بلنگز (وکٹ کیپر)، عبد اللہ شفیق، احسن بھٹی، سکندر رضا، راشد خان، ڈیوڈ ویزے، شاہین آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، زمان خان ٹیم کا حصہ ہیں۔

ملتان سلطانز سکواڈ

عثمان خان، محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، رئیلی روسو، کیرن پولارڈ، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، شیلڈن کوٹرل، احسان اللہ ٹیم کا حصہ ہیں۔