لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ کپتانی بارے ہونے والے سوالات کے جواب خود دیں۔
سلمان بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ جو کپتانی سے ہٹانے پر گفتگو ہو رہی ہے مجھے سمجھ نہیں آتی کہ بابر اعظم اس کا جواب دیتے ہوئے شرماتے کیوں ہیں، بابر اعظم خود ان لوگوں کو اجازت دے رہے ہیں کہ وہ ایسے سوال کریں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ بابر اعظم کو چاہیے کہ وہ ان کو اجازت ہی نہ دیں کہ وہ اس حد تک سوال کریں، بابر اعظم آپ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اگر آپ اس پہیلی کو سلجھا نہیں سکتے جو پہیلی ہے ہی نہیں تو پھر یہ اپنے ساتھ زیادتی ہے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ اسامہ میر کو اس سیزن میں باؤلنگ کرتے جب بھی دیکھا تو انہوں نے مجھے بہت متاثر کیا، اسامہ میر کا قد بھی اچھا ہے گیند میں جان ہے اور وائٹ بال کرکٹ میں اچھی ہٹنگ بھی کر لیتے ہیں، اس کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ بہترین ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم جس پوزیشن پر ہیں اس پر مشکل سوالات ہی ہوتے ہیں، ان کو چاہیے کہ اس کو ہینڈل کریں، اگر آپ کے پاس تینوں فارمیٹ کے کپتان میٹریل کھلاڑی موجود ہیں تو ضرور یہ تجربہ کریں، ابھی سمجھتا ہوں جب تک آپ کے پاس وہ لوگ موجود نہ ہوں جو کپتانی کرنے کے اہل ہوں تب تک یہ بحث برائے بحث ہے۔