لاہور: (ویب ڈیسک) جمعرات سے شروع ہونے والی پاکستان کی پہلی جونیئر کرکٹ لیگ کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پاکستان جونیئر لیگ کا میلہ جمعرات سے شروع ہوگا، ملکی وغیرملکی کھلاڑیوں نے لاہورمیں ڈیرے لگا لئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ عالمی کرکٹ میں جونئیر سطح کی کرکٹ لیگ کا پائینیر بن گیا، پاکستان جونیئر لیگ کا میلہ جمعرات سے قذافی سٹیڈیم میں سجے گا، افتتاحی میچ میں گوجرانوالا جائنٹس اور مردان واریئرز میدان میں اتریں گی۔
ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ندیم خان نے لیگ کی تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے یہ لیگ بہترین پلیٹ فارم ہے، لیگ میں عمر کی سختی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 5, 2022
ڈائریکٹر کمرشل عثمان وحید نے کہا کہ لیگ میں دس کرکٹ بورڈز کے بچے شامل ہوئے، اس لیگ سے قومی ٹیم کو بہترین کھلاڑی دستیاب ہونگے۔
دوسری جانب فیوچر سٹارز کی مشقیں بھی جاری ہیں، جونئیر لیگ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب جمعرات کو ہوگی جس میں عاصم اظہر، ینگ اسٹنرز پرفارم کریں گے، انتظامیہ نے طلبا و طالبات کیلئے انٹری فری کردی۔
چھ ٹیموں پر مشتمل لیگ کا فائنل 21 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔
اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹرافی رونمائی کی تصاویر شیئر کی گئیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 5, 2022
تصاویر میں تمام ٹیموں کے کپتان موجود ہیں جبکہ مینٹورز جاوید میانداد، ڈیرن سیمی، عمران طاہر، شعیب ملک اور کولن منرو دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستان جونیئر لیگ کی انعامی رقم کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان جونیئر لیگ کی انعامی رقم اور کمنٹیٹرز کے پینل کا اعلان کر دیا۔ پاکستان جونیئر لیگ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق کمنٹری پینل میں ڈیرن گنگا ، ڈومینک کورک ، مائیک ہیزمین ، ثنا میر، سکندر بخت اور ٹینو مووایو شامل ہیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 5, 2022
اس کے علاوہ میچز کے لیے 18 سال تک کے اسکول اور کالج طالب علموں کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا جبکہ دیگر شائقین کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے، ٹکٹ قذاقی اسٹیڈیم میں کاؤنٹرز اور آن لائن بھی دستیاب ہوں گے۔