ویمنز ایشیا کپ، بنگلہ دیش کو شکست، ایک اور جیت قومی ٹیم کے نام

Published On 03 October,2022 12:14 pm

ڈھاکہ: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش میں جاری ویمنز ایشیا کپ پاکستان نے ایک اور جیت اپنے نام کر لی، قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ایشیا کپ میں پاکستان خواتین ٹیم کا شاندار آغاز، مسلسل دوسرے میچ میں بھی بسمہ الیون نے بنگلہ دیش میں کامیابی سمیٹ لی۔

ایونٹ کے پانچویں میچ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں، حریف ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز 8 وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز بنائے، ڈائنا بیگ اور ندا ڈار نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ سعدیہ اقبال اور عمیمہ سہیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی ٹیم نے مقررہ ہدف 12.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 72 رنز بنا کر پورا کیا، منیبہ علی 14 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئیں جبکہ سدرہ آمین 36 اور بسمہ معروف 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

پلئیر آف دی میچ سدرا امین کو قرار دیا گیا جبکہ پاکستان ویمنز ٹیم اپنا اگلا میچ 6 اکتوبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔