پاکستان آ کر اچھا لگ رہا، حریف ٹیم مشکل ہدف، اچھی کرکٹ کھیلیں گے: جوز بٹلر

Published On 15 September,2022 03:33 pm

کراچی :(دنیا نیوز)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کے ساتھ ٹی 20 کی سیریز اہم ہے۔

کراچی پہنچنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستان آ کر بہت اچھا لگ رہا ہے، انگلش ٹیم کافی عرصے بعد پاکستان آئی ہے، پاکستانیوں کی کرکٹ کے ساتھ محبت اور جوش قابل ذکر ہے جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم بہت مضبوط ٹیم ہے، ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کے ساتھ ٹی 20 کی سیریز اہم ہے، لیونگ اسٹونز اور دیگر کھلاڑی ہمارے سکواڈ کا حصہ ہیں۔

جوز بٹلر نے کہا کہ پاکستان ٹیم بہت اچھی ہے اور ٹی 20 میں اچھا کھیلتی ہے، آسٹریلیا سے بھی ورلڈ کپ سے قبل میچز کھیلنے ہیں اور یہ ہماری پریکٹس کے لئے بہترین ثابت ہوسکتے ہیں، میں انجری کی وجہ سے ابتدائی میچز نہیں کھیل پاؤں گا، امید ہے ہم فینز کو اچھی انٹرٹینمنٹ دیں گے۔

پاکستان کے سیلاب زدگان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ عطیات جمع کر کے سیلاب زدگان کی مدد کر سکیں اور سیلاب متاثرین کے لئے یہ بہت کچھ تو نہیں ہو گا مگر کچھ حصہ ڈال سکیں گے، پاکستان کے لوگ سیلاب کی وجہ سے مشکل وقت میں ہیں۔