لاہور:(ویب ڈیسک) تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنالئے ہیں۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز قومی ٹیم نے کینگروز کے پہلی اننگز 391 رنز کے جواب میں 1 وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنالئے ہیں، اوپنر امام الحق 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اظہر علی 30 اور عبداللہ شفیق 45 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
اس سے پہلے آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 4،4 جبکہ نعمان علی، ساجد خان نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
قبل ازیں کینگروز نے 232 رنز اور 5 وکٹوں کے نقصان سے آج دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا، کیمرون گرین اور ایلکس کیرے نے طویل شراکت داری میں باالترتیب 79 اور 67 انفرادی رنز کا اضافہ کیا۔ ان کے بعد کوئی آسٹریلوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ مچل سٹارک 13، ناتھن لیون 4، مچل سویپسن 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
گذشتہ روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر 7، مارنس لبوشین صفر پر پویلین لوٹ گئے، عثمان خواجہ ایک مرتبہ پھر نروس نائنٹی کا شکار ہوئے اور 91 رنز بناکر ساجد خان کا شکار بنے، سٹیو سمتھ 59 اور ٹریوس ہیڈ 26 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو حریف بلے بازوں کو آوٹ کیا تھا جبکہ نسیم شاہ نے بھی 2 اور ساجد خان نے 1 وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی کراچی میں کھیلنے والی ٹیم ہی لاہور ٹیسٹ کے لیے برقرار ہے البتہ پاکستان کے سکواڈ میں بابراعظم، محمدرضوان، شاہین آفریدی کے علاوہ عبداللہ شفیق، فوادعالم، اظہرعلی، نعمان علی اور ساجد خان ٹیم کا حصہ ہیں۔ امام الحق اور حسن علی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ تیسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔