لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے یوم پاکستان کرکٹ فینز کے ہمراہ منانے کا اعلان کردیا ہے۔
پی سی بی نے بینو قادر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کا تیسرے روز یوم پاکستان کے نام کردیا، 23 مارچ کی مناسبت سے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوگا، کھیل کے آغاز میں دونوں ٹیمیں قومی ترانے کے اعزاز میں گراؤنڈ میں کھڑی ہوں گی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں موجود تماشائیوں میں 2500 جھنڈے تقسیم کئے جائیں گے، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ خود کرکٹ فینز کو جھنڈے تقسیم کریں گے، ملکی اور غیرملکی کمنٹیٹرز یوم پاکستان کی مناسبت سے سبز اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان وائٹ بال سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے ٹیم ہوٹل میں رپورٹ کردیا، فخر زمان، آصف علی، آصف آفریدی، محمد حارث، حیدر علی، شاداب خان، خوشدل شاہ، شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر اور عثمان قادر کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
وائٹ بال سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو 25 مارچ سے پریکٹس کی اجازت ہوگی، آسٹریلیا وائٹ بال سکواڈ میں شامل کھلاڑی 24 مارچ کو لاہور پہنچیں گے۔