کراچی ٹیسٹ کا پہلا روز: آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری

Published On 12 March,2022 09:29 am

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی: آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔

 کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا لیکن وارنر 36 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اگلے آنے والے بلے باز مارنس لبوسکاخنی کو ساجد خان نے شاندار تھرو کر کے صفر پر پویلین بھیج دیا۔

آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے ہیں، عثمان خواجہ97 اور اسٹیو اسمتھ 49 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

قبل ازیں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھ رہی ہے، کوشش ہو گی کہ اچھا ٹوٹل سجائیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں فہیم اشرف اور حسن علی کو نسیم شاہ اور افتحار احمد کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، عبد اللہ شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی، ساجد خان اور اظہر علی شامل ہیں۔

یاد رہے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

ٹریفک روٹ پلان

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ کے باعث آج سے 16 مارچ تک کاروٹ پلان جاری بھی کر دیا ہے جس کے مطابق شائقین کرکٹ گاڑیاں حکیم سعید گراؤنڈ یونیورسٹی روڈ پر پارک کریں گے، حکیم سعید گراؤنڈ سے شائقین بذریعہ شٹل نیشنل اسٹیڈیم جائیں گے جبکہ لیاقت آباد سےاسٹیڈیم جانے والی سڑک حسن اسکوائر فلائی اوور سے بند ہوگی۔

یونیورسٹی روڈ سےنیشنل اسٹیڈیم جانےوالی سڑک بھی بند رہے گی تاہم اسٹیڈیم روڈ سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک کھلی رہےگی، سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد سےحسن اسکوائر ہیوی ٹریفک کےلیےبند رہے گی، پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ،کار ساز سےاسٹیڈم روڈ بھی بند رہے گی، ڈالمیاسے نیوٹاؤن کی سڑک پر بھی ہیوی ٹریفک چلنےکی اجازت نہیں ہوگی۔

خیال رہے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔