پاکستان کیخلاف سیریز، ویسٹ انڈیز کے 3 اہم کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے

Published On 11 December,2021 11:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل ویسٹ انڈیز ٹیم کے تین اہم کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے جس کے بعد انہیں سیریز سے باہر کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان آمد پر کھلاڑیوں کے پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد کرکٹ ویسٹ انڈیز نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹور کرنے والی سکواڈ کے 4 ممبران کے کوررونا ٹیسٹ مثبت آ گئے ہیں جن کو فوری طور پر کھلاڑیوں سے الگ کر دیا گیا ہے۔

 کرکٹ ویسٹ انڈیز نے چاروں افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ آنے کی تصدیق کردی، جس کے بعد تمام کھلاڑی پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

 ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے مطابق روسٹن چیز، شیلڈون کوٹریل اور کائل مائرز کوویڈ کی وجہ سے پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ تینوں کرکٹرز اس وقت آئسولیشن میں ہیں۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق اسکواڈ کا ایک نان کوچنگ ممبر بھی کووڈ کا شکار ہوا ہے۔

مہمان ٹیم کے کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ان چاروں افراد میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں اور سب کی ویکسن ہوچکی ہیں۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان چاروں افراد کے پاکستان آمد پر ٹیسٹ ہوئے تھے جو مثبت آئے، جبکہ دیگر اراکین کے دو مرتبہ کووڈ ٹیسٹ کیے گئے اور ان کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ 

 یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم 13 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں دورے کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 14 دسمبر دوسرا جبکہ 16 دسمبر کو تیسرا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ ہوگا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ون ڈے انٹرنیشنل کے لیے 18 دسمبر کو مد مقابل آئیں گی جبکہ 20 دسمبر دوسرا اور 22 کو تیسرا ایک روزہ میچ کھلیں گی۔ تین ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز ختم ہونے کے اگلے ہی روز مہمان ٹیم پاکستان سے رخصت ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے 2 دسمبر کو ویسٹ انڈیز کے ساتھ سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان) آصف علی، فخر زمان، حیدرعلی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر شامل ہوں گے۔

تاہم ایک روزہ میچز میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان) آصف علی، فخر زمان، حیدرعلی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، محمد حسنین، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر، عبداللہ شفیق (ریزرو) شامل ہوں گے۔