پی ایس ایل 2021ء: تماشائیوں کو محدود تعداد میں سٹیڈیم میں آنیکی اجازت مل گئی

Published On 04 February,2021 04:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے دوران تماشائیوں کو محدود تعداد میں سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پی ایس ایل کے دوران تماشائیوں کو سٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دی اور فیصلہ کیا کہ لیگ کے میچز کے دوران 20 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کا آغاز رواں ماہ کی 20 تاریخ سے ہورہا ہے اور یہ 22 مارچ تک جاری رہے گی۔

پی ایس ایل 2021 کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور ملک کے 2 بڑے شہروں، کراچی اور لاہور کے سٹیڈیمز میں ٹیمیں کھیلتی نظر آئیں گی۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مجموعی 7 ہزار 500 جبکہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں مجموعی 5500 تماشائی ٹکٹ حاصل کرکے سٹیڈیم میں بیٹھ کر لائیو ایکشن سے محظوظ ہوسکیں گے۔

اس دوران دونوں ادارے این سی او سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ مشترکہ طور پر صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے، جس کے بعد غور کیا جائے گا کہ آیا 3 پلے آف میچز اور فائنل کے لیے تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے یا نہیں۔

پی سی بی کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ بورڈ نے این سی او سی کو تفصیلی بریفنگ میں واضح کیا تھا کہ ایونٹ کے منتظمین اور کرکٹ بورڈ میچز کے دوران حکومت کے تیار کردہ کووڈ 19 کے ایس او پیز پر مکمل عمل کروائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق این سی او سی کی جانب سے اجازت کے بعد اب پی سی بی جلد ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان کرے گا۔

این سی او سی کے اس فیصلے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مشکور ہیں جنہوں نے مداحوں کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر براہ راست میچ دیکھنے کی اجازت دے کر پی سی بی پر اعتبار کیا۔ یہ پی سی بی کی بطور ادارہ کووڈ 19 پروٹوکولز کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

احسان مانی کے مطابق شائقین کرکٹ بوڈ کا اثاثہ ہیں اور ان کی محودو تعداد میں بھی اسٹیڈیم آمد سے اس ایونٹ کو چار چاند لگ جائیں گےجانتا ہوں کہ محدود تعداد کی وجہ سے ہر شائق سٹیڈیم نہیں آسکتا لیکن محدود تعداد میں بھی موجودگی ایک مثبت اور درست فیصلہ ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ اگر وہ تماشائیوں کی محدود تعداد میں اسٹیڈیمز آمد کے ساتھ ساتھ لیگ کو کامیابی سے منعقد کروالیتے ہیں تو انہیں رواں سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بھی تماشائیوں سے متعلق اپنا کیس مضبوط نظر آتا ہے۔

واضح رہے کہ 20 فروری کو پی ایس ایل کا پہلا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس 30 روزہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میجز کھیلے جائیں گے تاہم کورونا وائرس کی وبا کے باعث یہ میچز کراچی اور لاہور میں ہی ہوں گے۔

ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور 2017 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔