پی ایس ایل سیزن فائیو کا پلے آف مرحلہ، غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کیلئے تیاریاں مکمل

Published On 06 November,2020 08:54 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فائیو) کے پلے آف مرحلے میں شرکت کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں نے آنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پشاور زلمی کے شعیب ملک، راحت علی اور پاکستانی اراکین آج کراچی پہنچیں گے جبکہ پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد اتوار کے بعد شروع ہوگی۔

ڈیرن سیمی اور کارلوس بریتھ ویٹ 8 نومبر کو کراچی پہنچیں گے۔ فاف ڈوپلیسی 10 نومبر کو پشاور زلمی سکواڈ جوائن کریں گے۔ وہاب ریاض، حیدر علی پاک زمبابوے ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد زلمی سکواڈ جوائن کریں گے۔ قائداعظم ٹرافی کھیلنے والے کرکٹرز تیسرے راؤنڈ کے اختتام پر زلمی سکواڈ جوائن کریں گے۔

ادھر پی ایس ایل فائیو کرکٹ کا رنگ جمانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ میچز کی سیکیورٹی کا پلان حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ تمام ٹیموں کو سخت سیکیورٹی دی جائے گی۔

کویڈ 19کے پیش نظر بسوں کو ہر موومنٹ سے پہلے سپرے کیا جائے گا۔ پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز کراچی میں شیڈول ہیں۔ چار بم پروف بسیں نیشنل سٹیڈیم کراچی پہنچا دی گئی ہیں۔

ہوٹل میں ٹیم فلور پر کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کویڈ 19 مثبت آنے پر ٹیم فلور پر آئسولیشن کا انتظام ہوگا۔ پی ایس ایل کے چار میچز میں 21 غیر ملکی کھلاڑی ان ایکشن ہوں گے۔

پیر سے ٹیمیں نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز کریں گی۔ پی ایس ایل کے بقیہ میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ کنگز، ملتان سلطان، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی ٹائٹل کی جنگ لڑیں گے۔