وزیراعظم عمران خان مشکل وقت میں قوم کو مایوس نہیں کرینگے: جاوید میانداد

Last Updated On 03 April,2020 05:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق کرکٹر جاوید میانداد وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں سامنے آ گئے ، کہتے ہیں کپتان پاکستانی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو پیغام میں سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ میرا عمران خان سے گہرا اور دیرینہ تعلق ہے، 1974ءسے قائم ہونے والا تعلق کرکٹ کے ساتھ چلتا رہا۔

ویڈیو پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ جانتا ہوں کہ عمران خان بہت دیانت دار انسان ہیں اور جس کام پر لگ جائیں، اسے مکمل کرکے ہی چھوڑتے ہیں، وزیراعظم کسی کو بھی مایوس نہیں کریں گے، وقتی طور پر باتیں غلط لگتی ہیں لیکن آگے چل کر وہ درست دکھائی دیتی ہیں۔

پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہمیشہ دوسروں کیلئے سوچتے ہیں، انکی سوچ بہت سنجیدہ ہے، نیت تو اوپر والا جانتا ہے اور اللہ عمران خان کی نیت جانتا ہے، شوکت خانم میموریل ہسپتال ان کی بہترین نیت کی اچھی مثال ہے جس کیلئے انہوں نے اپنا سب کچھ داؤ پر لگا دیا تھا، انہوں نے مسلسل محنت کی، ہمت نہ ہاری اور اس عظیم منصوبے کو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

جاوید میانداد کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے عالمی کپ جیتنے والے عمران خان وہ شخص ہیں جو مٹی میں ہاتھ ڈالے تو وہ سونا بن جائے، عمران خان ہمت اور عزم کی بہترین مثال ہیں ، پرانی باتیں بھول جائیں اس وقت ہم سب کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔

سابق لیجنڈ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پر بھروسہ کیا جائے، پہلے اور اب کے عمران خان میں زمین آسمان کا فرق ہے، ان میں بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے۔ پاکستان کو ایک اچھا وزیراعظم ملا ہے، ہمارا ملک ان کی قیادت میں پھلے اور پھولے گا، سب کو مل کر عمران خان کا ساتھ دینا چاہیے۔