کراچی: (دنیا نیوز) پی ایس ایل کا میلہ ایک بار پھر روشنیوں کے شہر سج گیا، کراچی میں آج میزبان کنگز اور دبنگ کم بیک کرنے والے لاہور قلندرز کے درمیان جوڑ پڑے گا۔
سپر لیگ کا ایک اور سپر مقابلہ، 26 ویں میچ میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، نیشنل اسٹیڈیم میں میچ شام سات بجے ہی شروع ہو گا۔ روشنیوں کے شہر میں پھر کرکٹ کی بہار، گیند بلے کی مار دھاڑ، پچ تیار، باؤنڈری لائن بھی شاندار، دیوانے میچ دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔
ناکامیامیوں کے بعد کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک، قلندرز میزبان کنگز سمیت بڑے بڑوں کے لیے خطرے کا نشان بن گئے، دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کر لیں، پلان بھی فائنل، میزبان ٹیم کے کپتان عماد وسیم نے جیت پر نظریں جما لیں۔
چھٹے سے تیسرے نمبر پر آنے والے لاہور قلندرز نے کراچی کا قلعہ بھی فتح کرنے کی ٹھان لی، عماد الیون کو عامر اور بابر کا مان ہے، فارم میں واپس آنے والے فخر زمان اور کرس لین ٹیم کی جان، بین ڈنک کا پھر ڈنکا بجے گا، شاہین آفریدی کی تیھکی بولنگ سے جھکڑ چلے گا۔
گذشتہ روز ایونٹ کا پچیسواں میچ خراب موسم کی نذر ہو گیا، زندہ دلان کے شہر بارش نے کرکٹ کا سارا مزہ کرکرا کر دیا۔ بارش کے باعث میچ منسوخ ہوا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔