ورلڈکپ، نیوزی لینڈ کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

Last Updated On 09 July,2019 02:05 pm

لندن: (دنیا نیوز) انتظار کی گھڑیاں ختم، ورلڈکپ میں "آریا پار" کا مرحلہ آج سے شروع ہو گیا۔ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے.

ورلڈکپ ناک آؤٹ مرحلہ آج سے شروع، پہلے سیمی فائنل میں بھارت اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہو گئیں۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کریز سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مانچسٹر کی فلیٹ وکٹ پر چھکے چوکوں کی بہار آئے گی، ٹیمیں تیار تو ہیں تاہم بارش کا بھی امکان ہے، میچ نہ ہو سکا تو اضافی روز جوڑ پڑے گا۔ کوہلی اور ولیمسن الیون نے بھرپور تیاریاں کرتے ہوئے ٹارگٹ سیٹ اور پلان فائنل کر لیے۔ آج خراب موسم کی پیشگوئی ہے اس لئے ٹاس بہت اہم ہو گا، بارش کا کھیل ہوا تو میچ اضافی دن ہو گا۔

دو بار کی عالمی چیمپئن بھارتی ٹیم جیت کے لیے پرجوش ہے، نمبر ون کوہلی الیون کا پانچ بولرز کو کھلانے کا امکان ہے تاکہ کیویز کو سپنرز کے جال میں پھنسایا جائے۔ کسی بھی ورلڈکپ میں ریکارڈ پانچ سیکڑے جڑنے والے روہت شرما نے کپتان کا مان بڑھا دیا، ایک اور اعزاز پر دھیان لگا لیا۔

ادھر بلیک کیپس بھی فائنل تک رسائی کے لیے پرامید ہیں، دونوں ٹیموں میں ایک سو چھ ون ڈے مقابلے ہوئے جن میں سے پچپن بھارت کے نام رہے، پینتالیس میں کیویز جیتے۔ ایک بارش کی نذر جبکہ پانچ کا کوئی نتیجہ نہ نکلا، ورلڈکپ کے 8 میچز میں نیوزی لینڈ چار بار جیتے۔ تین کامیابیاں بھارتیوں کو ملیں۔ انگلینڈ میں جاری ایونٹ کا تیرہ جون کو اٹھارہواں میچ بارش کے باعث نہ ہو سکا تھا۔