انگلینڈ سیریز کی تیاری: پاکستان کا آج پہلا پریکٹس میچ، ہیڈ کوچ تیاریوں سے مطمئن

Last Updated On 27 April,2019 10:26 am

کینٹ: (دنیا نیوز) پاکستانی ٹیم کی آج سے انگلش سرزمین پر آزمائش شروع ہو رہی ہے، انگلش کاؤنٹی کینٹ کیخلاف ایک روزہ پریکٹس میچ کا پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے آغاز ہوگا۔

قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر گرین شرٹس کی تیاریوں سے مطمئن اور دورے کا آغاز کامیابی کے ساتھ کرنے کیلئے پرعزم ہیں جن کا کہنا تھا کہ پوری طاقت سے میدان سنبھالیں گے، بہترین سہولیات کے باعث پلیئرز سرد موسم سے ہم آہنگ ہو گئے اور لاہور کے بعد انگلش ماحول میں بھی ٹریننگ اچھی ہوئی لہٰذا اب موثر کمبی نیشن کی تیاری پر متوجہ ہیں۔

پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز مسلسل تیسرے دن جاری رہنے والے ٹریننگ سیشن کے دوران نیٹ پر مشقیں کیں اور بیٹسمینوں کے ساتھ باؤلرز بھی سخت محنت کرتے دکھائی دئیے۔ کوچز نے قومی کھلاڑیوں کو اپنے جوہر چمکانے کیلئے مفید ہدایات دیں اور باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے فاسٹ باؤلرز کو انگلش کنڈیشنز میں باؤلنگ کے گر سکھائے اور انہیں خود بھی باؤلنگ کر کے دکھائی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انہیں پوری توقع ہے کہ ان کی ٹیم عالمی کپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی جس نے اپنے بیشتر مسائل کا حل تلاش کرلیا ہے اور اب یہ ایک مختلف ٹیم کاروپ دھار گئی ہے۔