علی پرویز ملک سے سعودی عرب کے ڈپٹی وزیرمائننگ عبدالرحمان البلوشی کی ملاقات

Published On 08 April,2025 07:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر علی پرویز ملک سے سعودی عرب کے ڈپٹی وزیر مائننگ عبدالرحمان البلوشی کی ملاقات ہوئی۔

سعودی ڈپٹی وزیر کی جانب سے کامیاب پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کی تعریف کی گئی، سعودی جیولوجیکل سروے کے سی ای او عبداللہ الشمرانی بھی ملاقات میں شریک تھے۔

سعودی ڈپٹی وزیر مائننگ عبدالرحمان البلوشی نے کہا کہ منرل انویسٹمنٹ فورم کا ہر سال انعقاد ہونا چاہیے، جس پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان سالانہ بنیادوں پر منرل فورم کا ارادہ کر چکا ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے میپنگ اور جیولوجیکل سروے میں تعاون کی پیشکش کی گئی اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی ٹیم کو سعودی عرب دورے کی دعوت دی گئی۔

سعودی وفد نے پاکستان کے توانائی اور معدنی شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسی کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کر رہا ہے۔