اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جامع ڈیجیٹل معیشت کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے ورلڈ اکنامک فورم اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے مشترکہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو کا حصہ بننے کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان ورلڈ اکنامک فورم کے تحت ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو کو اپنانے والا پہلا ملک ہے ، پاکستان ڈیجیٹل ایف ڈی آئی پراجیکٹ اہداف کی نشاندہی کے ساتھ ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دینے کے لیے اہم کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیجیٹائز یشن کو اپنانے اور نئی ڈیجیٹل سرگرمیوں پر مشتمل ایک فریم ورک ہے جو براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے لئے ترغیب کا باعث بننے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ یہ ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کی جانب ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے، پاکستان جامع ڈیجیٹل معیشت کی طرف گامزن ہے جو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک قدم ہے، یہ اقدام معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا عکاس ہے۔