سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کے بعد مندی، ہنڈرڈ انڈیکس میں 1308 پوائنٹس کی کمی

Published On 17 December,2024 04:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج اتار چڑھاو کے بعد کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ایک موقع پر 100 انڈیکس 800 سے زائد پوائنٹس اضافے سے 1 لاکھ 17 ہزار 39 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔

بعدازاں سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران اچانک شدید مندی چھا گئی جس کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1308 پوائنٹس کی کمی کیساتھ 1 لاکھ 14 ہزار 860 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ہے۔

واضح رہے کہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز آغاز پر ہی سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، ٹریڈنگ کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1876 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 16 ہزار 169 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

سٹاک مارکیٹ میں آج 46 ارب 61 کروڑ 65 لاکھ 36 ہزار 697 روپے مالیت کے 54 کروڑ 85 لاکھ 72 ہزار 535 شیئرز کا لین دین ہوا۔