اسلام آباد:(دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) افسران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے مل گئے۔
بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں کرپشن روکنے کےلیے تعینات کیے گئے ایف آئی اے افسران ڈسکوز سے مل گئے اور کرپشن نہ رک سکی، بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں کرپشن ایف آئی اے افسروں کی ملی بھگت سے ہونے لگی ہے۔
وزارت داخلہ نے اس معاملے میں پاور ڈویژن کو خط لکھ دیا، خط کے متن کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں ایف آئی اے افسران کی مدد سے بد عنوانیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے افسران کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں تعیناتی کے مطلوبہ فوائد نہیں مل سکے، وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی ڈسکوز میں کرپشن کی تحقیقات کرے گی۔