اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے ڈاکٹر گوہر اعجاز کی قیادت میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں تاجروں اور 40 علاقائی کاروباری تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے نمٹنے کیلئے سودمند حل تلاش کرنا ہوگا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ کیپسٹی چارجز کے مسئلے کا قابلِ عمل حل تیار کرنے کیلئے کاروباری برادری ایک کمیٹی تشکیل دے، کمیٹی شعبہ ِ توانائی کے مسائل کے حل کیلئے صدر مملکت کے دفتر کے ساتھ مل کر کام کرے، صدر مملکت کا دفتر کاروباری برادری کی کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت، عوام، تاجر برادری ، پیداواری کمپنیوں سمیت سب کیلئے سودمند حل تلاش کیا جانا چاہئے، متفقہ حل تیار کیا جائے تاکہ کسی سٹیک ہولڈر کو نقصان نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کاروباری اداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہوں، ادراک ہے کہ مہنگے خام مال، توانائی اور ایندھن کی وجہ سے کاروباری شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اس موقع پر گوہر اعجاز نے کہا کہ توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے عوام، صنعتوں ، زراعت اور برآمدات کے شعبے پر بوجھ پڑ رہا ہے، توانائی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے توانائی شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ صدر مملکت سے درخواست ہے کہ توانائی کی قیمتوں کے معاملے میں مداخلت کریں، صدر مملکت پاکستان کی صنعتوں اور کاروباری اداروں کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایف پی سی سی آئی کے وفد کو مسائل کے حل، متعلقہ حلقوں کے سامنے معاملہ اٹھانے میں تعاون کا یقین دلایا۔