ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں ایک فیصد کمی ریکارڈ

Published On 03 May,2024 05:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں ایک فیصد کی کمی، مجموعی شرح 24.37 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان برقرار رہا، حالیہ ہفتے کے دوران 15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 18 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 18 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آ لوکی قیمت میں 6.06 فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.85 فیصد، نمک کی قیمت میں 0.91 فیصد، خشک دودھ کی قیمت میں 0.70فیصد، مٹن کی قیمت میں 0.65 فیصد، بیف کی قیمت میں 0.45 فیصد، انڈے کی قیمت میں 0.53 فیصد، دہی کی قیمت میں 0.46 فیصد اور سگریٹ کی قیمت میں 0.51فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح ٹماٹر کی قیمت میں 22.05 فیصد، پیاز کی قیمت میں 7.71 فیصد، چکن کی قیمت میں8.03فیصد، ڈیزل آئل کی قیمتوں میں 2.89 فیصد، پٹرول کی قیمتوں میں 1.84فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں2.36 فیصد، آٹا کی قیمت میں6.88 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 1.25فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں0.90 فیصد اور سرخ مرچ پاوڈر کی قیمتوں میں 2.59 فیصد کمی ہوئی۔