صدر سے ترکمانستانی سفیر کی ملاقات، ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دینے کا عزم

Published On 01 April,2024 05:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطا جان موولاموف نے ملاقات کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے، معاہدے پر دستخط سے تجارت کو وسعت دینے، علاقائی روابط فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، فریقین نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پائپ لائن سے پاکستان کو توانائی کی ضروریات پورا کرنے میں مدد ملے گی، پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ترکمان سفیر نے صدر مملکت کو دوسری بار صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، صدر مملکت نے ترکمانستان کے ساتھ باہمی تعاون مزید بڑھانے کیلئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ترکمانستان کے سفیر نے صدر مملکت کو ترکمانستان کے صدر اور سابق صدر کی جانب سے مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ پاک ترکمان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ نہ صرف دونوں دوست ممالک بلکہ خطے کیلئے بھی اہم ہے، معاہدے سے خطے میں بڑی ٹرانزٹ تجارتی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔

صدر مملکت نے ترکمانستان کی قیادت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔