اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترکمانستان نے پاکستان کو 5 ارب ڈالر کے آرکاداگ سمارٹ سٹی پراجیکٹ میں شرکت کی دعوت دے دی۔
وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے ترکمانستان کے سفیر آتادجان موولاموف نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر تجارت نے امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیدی
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ مشترکہ تعاون کی بنیاد رکھی ہے، ترکمان سفیر نے پاکستان کو اپنے 5 ارب ڈالر پر مبنی آرکاداگ سمارٹ سٹی پراجیکٹ میں شرکت کی دعوت دی، پاکستان کو اس منصوبے کے لئے تعمیری مواد اور سامان کی برآمد کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
ڈاکٹر گوہر نے کہا سفیر آتادجان موولاموف نے پاکستان سے چاول، شکر، آلو اور پیاز جیسی زرعی مصنوعات کی ضرورت کا اظہار کیا، تجارتی راہیں کھولنے اور کاروباری تعلقات کو بڑھانا ہماری اولین ترجیح ہے، ترکمانستان میں نمائشوں میں فعال شرکت کو یقینی بنائیں گے۔