کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے افسر و ملازمین کی رواں ماہ کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی جاسکیں جب کہ تنخواہیں مزید التوا کا شکار ہو سکتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے اکاؤنٹس منجمد ہونے کے سبب پی آئی اے کے گروپ ایک تا چار کے ملازمین اور افسران کو رواں ماہ کی تنخواہیں اب تک ادا نہیں کی جاسکیں جبکہ گروپ چار سے اوپرکے افسران کی تنخواہیں بھی التوا کا شکار ہیں، فیڈرل ایکسائز ٹیکس کی وصولی کے معاملے پرایف بی آر نے چند روز قبل قومی ایئرلائن کے اکاؤنٹس منجمد کردئیے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس کی بندش کا تصفیہ ہونے کے باوجود قومی ایئرلائن انتظامیہ کے پاس ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے رقم موجود نہیں ہے، مذکورہ رقم کا بندوبست کسی سرکاری ادارے سے کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے سٹاف کی تنخواہوں کا حجم ایک ارب 10کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے، گزشتہ ماہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کے لیے رقم لی گئی تھی۔