اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئے قومی بجٹ میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے لیے تنخواہوں اور اخراجات کی مد میں مختص رقوم کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں۔
دستاویز کے مطابق نئے بجٹ میں قومی اسمبلی کیلئے تنخواہوں، اخراجات کی مد میں 8 ارب 30 کروڑ، ملازمین کے تمام اخراجات کیلئے 5 ارب 57 کروڑ سے زائد مختص کرنے کا تخمینہ ہے، قومی اسمبلی ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 1 ارب 52 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کا مالی سال کا بجٹ 16 جون کو پیش کئے جانے کا امکان
قومی اسمبلی ملازمین کو الاؤنسز کی میں 4 ارب 5 کروڑ کی گرانٹ ملے گی، قومی اسمبلی کے انتظامی امور پر آئندہ مالی سال 2ارب 6 کروڑ کے اخراجات آئیں گے، ریٹائر ہونے والے ملازمین کیلئے 5 کروڑ 16 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا۔
بجٹ میں قومی اسمبلی کیلئے گرانٹس، سبسڈیز کی مد میں 37 کروڑ 83 لاکھ مختص کیے، قومی اسمبلی کے مرمتی کاموں کیلئے 14 کروڑ 73 لاکھ روپے کا تخمینہ ہے، رواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال قومی اسمبلی کیلئے 2 ارب 14 کروڑ اضافی بجٹ رکھا۔
دستاویز کے مطابق نئے بجٹ میں سینیٹ کیلئے تنخواہوں، اخراجات کی مد میں 5 ارب 5 کروڑ جبکہ ملازمین کے تمام اخراجات کیلئے 3 ارب 15 کروڑ سے زائد مختص کرنے کا تخمینہ ہے، سینیٹ ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 99 کروڑ 55 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت نے سرپلس بجٹ دینے کیلئے آئی ایم ایف معاہدے پر دستخط کر دیئے
سینیٹ کے ملازمین کو الاؤنسز کی میں 2 ارب 16 کروڑ کی گرانٹ ملے گی، سینیٹ کے انتظامی امور پر آئندہ مالی سال 1 ارب 43 کروڑ کے اخراجات آئیں گے، ریٹائر ہونے والے ملازمین کیلئے 3 کروڑ 90 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا۔
بجٹ میں سینیٹ کیلئے گرانٹس، سبسڈیز کی مد میں 20 کروڑ 8 لاکھ مختص کیے، سینیٹ کے مرمتی کاموں کیلئے 5 کروڑ 22 لاکھ روپے کا تخمینہ ہے، رواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال سینیٹ کیلئے 1 ارب 31 کروڑ اضافی بجٹ رکھا گیا ہے۔