اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ مالی سال 24-2023 کے بجٹ میں وزارت صحت کے 38 منصوبے شامل کیے گئے ہیں، منصوبوں کے لیے ابتدائی طور پر 12 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔
مالی بجٹ 24-2023 میں وزارت صحت نے ابتدائی طور پر 12 ارب روپے سے زائد کے 38 منصوبے شامل کیے ہیں، وزیراعظم صحت سہولت کارڈ سکیم بھی نئے بجٹ میں شامل ہے جس کے لیے ابتدائی طور پر 2 ارب 29 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ مالی سال کے بجٹ میں امپورٹڈ لگژری آئٹمز پر ٹیکسز بڑھانے کی تجویز
پمز میں 200 بیڈ پر مشتمل ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی سینٹر کیلئے ایک ارب 20 کروڑ روپے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جناح ہسپتال کے قیام کیلئے دو ارب روپے اور کینسر ہسپتال کے قیام کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ میں شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ لاہور میں ریڈیالوجی ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے 35 کروڑ، متعدی امراض کی تشخیص کیلئے لیبارٹری کے قیام کے نئے منصوبے کیلئے 30 کروڑ روپے مختص، وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس سی پروگرام بھی بجٹ کا حصہ بن گیا جس کے لیے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
خیرپور میں بیالوجکس اینڈ کینسر ریسرچ اینڈ ٹریٹمنٹ سینٹر کے قیام کا منصوبہ بھی بجٹ کا حصہ ہے، پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں قائم اس سینٹر کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے جولائی میں تیل کی پیداوار کم کرنے کا اعلان کر دیا
محکمہ صحت اسلام آباد میں قائم ڈرگ کنڑول سیکشن کو مضبوط کرنے کا منصوبہ بھی بجٹ کا حصہ 15 کروڑ کے منصوبے کا مقصد اسلام آباد کے رہائشیوں کو معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی ہے۔
آبادی بارے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کے کینسر کے غریب مریضوں کے علاج کا پروگرام بھی بجٹ کا حصہ ہے، بجٹ میں آئندہ مالی سال کے پروگرام کیلئے 5 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دیدی گئی۔