کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دے دیا۔
صوبائی حکومت کے مطابق گوادر میں سروسز، ایکسائز ٹیکس اور جائیداد کی منتقلی پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا، بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت سےبھی گوادر کو ٹیکس فری قرار دینے کی سفارش کی ہے، صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ضلع گوادر کو سپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ قرار دے۔
سینیٹر کہدہ بابر نے ٹیکس فری زون سے متعلق کابینہ کا فیصلہ خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور کابینہ کا مشکور ہوں، صوبائی کابینہ نے گوادر کو ٹیکس فری زون کا درجہ دے کر دیرینہ مطالبہ منظور کر لیا۔
کہدہ بابر نے کہا کہ وفاقی حکومت بھی ٹیکسز میں چھوٹ دے، گوادر ٹیکس فری زون سے سی پیک اصل روح میں بحال ہو گا، ٹیکس فری زون سے گوادر پورٹ فعال اور سرمایہ کار راغب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پورٹ سٹی دبئی اور سنگارپور بھی ٹیکس فری زون تھے تبھی ترقی ہوئی، گوادر میں انڈسٹری لگنے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملے گا اور فارن ایکسچینج بھی آئے گا۔