لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت رات گئے اہم اجلاس ہوا جس میں گندم، چینی اور کھاد کی سمگلنگ کی روک تھام اور قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں گندم، چینی اور کھاد کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر سخت کریک ڈاؤن، ملوں سے چینی لے کر نکلنے والے ہر ٹرک کی مانیٹرنگ، پنجاب کے خارجی راستوں کی کڑی نگرانی اور چیک پوسٹوں پر ٹرکوں کی چیکنگ سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹریز سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن، ٹرانسپورٹ، صنعت، اوقاف، زراعت، کمشنر لاہور ڈویژن، کین کمشنر، ڈی جی پی ایچ اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: سمگلنگ کے ذریعے اربوں ڈالرز کا نقصان پہنچانے والوں کو سزا دیں گے: وزیر اعظم
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ گندم، چینی اور کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے صوبائی وزراء پر مشتمل کمیٹی شوگر مل مالکان سے مذاکرات کرے گی۔
محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ گندم کی خریداری کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں، مفت آٹے کی فراہمی کے تاریخ ساز پیکیج کی کامیابی پر چیف سیکرٹری، آئی جی اور تمام کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز کو مبارکباد بھی دی۔