کراچی: (دنیا نیوز) روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 155 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈالر کے مقابلے روپیہ جان پکڑنے لگا، انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ 35 پیسے کمی کے بعد 218 روپے 75 پیسے پر بند ہوا۔
انٹربینک کی دیکھا دیکھی اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کے دام گرگئے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے کمی کے بعد 219 روپے میں فروخت ہوا۔
معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض کی منظوری ملنے کے بعد دیگر ممالک سے بھی رقم کا جلد بندوبست ہونے کی توقع ہے جس کے بعد آنے والے دنوں میں معاشی حالات میں مزید بہتری آنے کا امکان ہے۔
اُدھر کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ دوران ٹریڈنگ مارکیٹ میں 200 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا، مگر اختتام پر سرمایا کاروں نے حصص فروخت کرکے منافع کمانے کو ترجیح دی۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 155 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 42 ہزار 351 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔