اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو 1 ارب 17 کروڑ ڈالر قرض دینے کی منظوری دے دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ الحمد اللہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ قرض بحالی کے معاہدے کی منظوری دی ہے، پاکستان کو اب 1.17 بلین ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں قسط ایک ساتھ جاری کی جائے گی۔
Alhamdolillah the IMF Board has approved the revival of our EFF program. We should now be getting the 7th & 8th tranche of $1.17 billion. I want to thank the Prime Minister @CMShehbaz for taking so many tough decisions and saving Pakistan from default. I congratulate the nation.
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) August 29, 2022
وفاقی وزیر خزانہ نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ وزیراعظم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے سخت فیصلے کیے، میں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ بہت سے سخت فیصلے لینے اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے میں قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
مفتاح اسماعیل نے بھارت سے تجارت کا عندیہ دیدیا
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت سے تجارت اپنے کسانوں کے حالات دیکھ کر کرینگے۔
اسی دوران صحافی کی طرف سے سوال کیا گیا کہ ماضی میں بھارت سے تجارت کے حامی وزرا کو گھر جانا پڑا۔
اس پر جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے اگر گھر جانا پڑتا ہے تو ٹھیک ہے۔ معیشت کے بہتری کیلئے جتنی محنت کر رہا ہوں امید ہے مجھے نہیں نکالا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے باعث پھل، سبزیوں کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، سپلائی متاثر ہوئی تو سبزیوں کی امپورٹ کھولنا پڑیں گی، بھارت سے بھی اگر سبزیاں امپورٹ کرنا پڑیں تو کریں گے، اپنے کسانوں کا تحفظ کرکے سبزی امپورٹ کریں گے۔
تحریک انصاف نے انتہائی گری ہوئی حرکت کی ہے: مفتاح اسماعیل
اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے تحریک انصاف نے گری ہوئی حرکت کی، کیا تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر کو شرم نہیں آئی، یہ سیاست پر سب کچھ قربا ن کرنےپر تلے ہیں،آپ تمام حدیں پار کرچکےہیں، کیا پاکستان کا نام بدل کر بنی گالہ رکھ دیں؟۔
وفاقی وزیر خزانہ نے پریس کانفرنس کے دوران آڈیو لیک ہونے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واضح ہوگیا ان کو ریاست کی کوئی پرواہ نہیں۔ پی ٹی آئی نے اچھا کام نہیں کیا اگر ملک کو نقصان پہنچانا سیاست ہے تو ایسی سیاست چھوڑ دیں، کیوں کہ ہم نے سیاست کو داؤ پر لگاکر ملک کو بچایا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے نے کہا کہ آپ نے 72 گھنٹے پہلے خط لکھا، کیا ہمیں نہیں پتہ کہ ملک میں سیلاب آیا ہوا ہے، کیا وفاقی حکومت کو زبانی جمع خرچ پر پیسے دیتی؟چیئرمین پی ٹی آئی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان بتائیں انہوں نے حکومت میں آکر کیا بہتری کی؟ اس کے باوجود ہم نے حکومت میں آتے ہی تحریک انصاف کو میثاق معیشت کی دعوت دی۔
آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہوگیا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پروگرام کی بحالی کو معیشت کیلئے مثبت پیش رفت قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لئے 1 ارب 17 کروڑ ڈالر قرض کے اجرا کی منظوری دے دی ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے قرض پروگرام کی بحالی پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہوگیا ہے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان مشکل معاشی امتحان سے سرخرو ہوکر نکلا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام ایک مرحلہ ہے لیکن پاکستان کی منزل معاشی خود انحصاری ہے، پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا، پروگرام کی بحالی کے لئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں، دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو، آئندہ پاکستان کو کبھی اس کی ضرورت نہ رہے۔