کراچی: (دنیا نیوز) مہنگائی نے عوام کو پریشان حال کر دیا، نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ سے مہنگائی مزید بڑھنے کے خدشات پر شہریوں نے حکومت سے اشیائے خورونوش سستی کرنے کا مطالبہ کر دیا، صوبائی حکومت بھی وفاقی بجٹ سے آس لگائے بیٹھی ہے۔
مہنگائی سے عوام کا بجٹ آوٹ، اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچنے سے غریب و متوسط طبقے کا گزارہ مشکل ہو گیا، نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ سے بھی عوام تشویش کا شکار نظر آتے ہیں۔ ساتھ ہی مہنگائی میں مزید اضافے کا خوف بھی کھائے چلا جا رہا ہے۔
محدود و کم آمدنی والا طبقہ حکمرانوں کو دہائیاں دے رہا ہے، غریب طبقے کیلئے پیٹ کی آگ بجھانا بھی جوئے شیر لانے سے کم نہیں، متوسط طبقہ بھی اشیائے خورونوش سستی کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔
شہریوں کی بڑی تعداد آئندہ مالی کے بجٹ سے مایوس نظر آتی ہے، شہری کہتے ہیں کہ ملکی مالی مشکلات کے باعث عوام کو ریلیف ملنا مشکل نظر آتا ہے۔
عوام کے برعکس صوبائی حکومت وفاقی بجٹ سے آس لگائے بیٹھی ہے، وزیراعلی سندھ کی جانب سے وفاق کو بجٹ سفارشات بھجوائی گئی ہیں ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے درپیش مالی مشکلات کے باوجود بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کا بھی دعوی کیا جارہا ہے، عوام کیلئے سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی بنا ہوا ہے۔