گوجرانوالہ : (دنیا نیوز) پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں مرغی کا فی کلو گوشت 430 روپے میں فروخت ہونے لگا، مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے سے شہری شدید پریشان ہیں۔
ملک میں بڑھتی مہنگائی سفید پوش طبقے کی جان کو آ گئی، ضروریات زندگی کی دیگر اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں جن سے کھینچ تان کر گزارہ ہو جاتا ہے مگر کھانے پینے میں کمی کیسے ممکن ہے۔ بکرے کا گوشت تو عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو ہی گیا، ایسے میں شہری مرغی کے گوشت کو غنیمت جان کر صبر شکر کر رہے تھے مگر اب اس کی قیمتیں بھی پہنچ سے باہر ہونے لگیں۔
گوجرانوالہ میں مرغی کا گوشت بھی 430 روپے کلو ریٹ پر فروخت ہو رہا ہے، قیمت میں اس ہوشربا اضافے نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ عوام کو دستیاب گوشت کی آخری امید کی قیمتوں کو کنٹرول کرے ، سنجیدہ انتظامی اقدامات اور موثر حکمت عملی ہی شہریوں کو روز افزوں بڑھتی مہنگائی کے دور میں ریلیف دے سکتی ہے۔