یکم مارچ سے پھر پٹرول مہنگا ہونے کا عندیہ

Published On 23 February,2022 04:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم مارچ سے پھر پٹرول مہنگا ہونے کا عندیہ دے دیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران گیس سکیموں پر کام نہ ہونے پر ن لیگی ممبران نے غصے کا اظہار کیا۔

سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ گیس سکیموں پر عائد پابندی کو ہٹانے پر غور کیا جارہا ہے، آنے والے ہفتوں میں ایل این جی کی قلت سے متعلق سوال کے جواب میں سیکرٹری پٹرولیم نے بتایا کہ ہمارے دو ایل این جی کارگوز منسوخ ہوئے تھے جن میں سے ایک کارگو کا بندوبست کرلیا گیا لیکن اس کا ٹینڈر مہنگا ملا ہے۔

چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) مسرور خان نے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ بارہ ہفتوں میں تیل کی جو قیمت بڑھی ہے اس کی نظیر نہیں ملتی، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بھی بہت کم ہوگئی، خزانے میں جو پیسے آنے ہیں وہ کمپرومائز ہورہے ہیں۔ قیمتیں بڑھیں گی اسکا بوجھ عوام پر پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت 14 روہے پٹرولیم لیوی وصول کررہی جبکہ جی ایس ٹی صفر ہے۔ خزانے میں جو پیسے آنے ہیں وہ کمپرومائز ہورہے ہیں۔ عالمی سطح پر جیسی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اس کا بوجھ عوام پر پڑے گا۔ تیل قیمتوں کا فارمولا تبدیل نہیں ہوا وہ پرانا ہی ہے۔