ترسیلات زر، نان ٹیکس آمدنی اور براہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ

Published On 27 December,2021 07:20 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزارت خزانہ کی ملکی معیشت پر ماہانہ رپورٹ کے مطابق ترسیلات زر، نان ٹیکس آمدنی اور براہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

وزرات خزانہ کی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کی گئی جس کے مطابق برآمدات سمیت درآمدات، ایف بی آر محصولات اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا،پہلے 5 ماہ میں ترسیلات زر 9.6 فیصد اضافے سے 12.9 ارب ڈالر ریکارڈکی گئیں ،ملکی برآمدات 28.9 فیصد اضافے سے 12.3 ارب ڈالر، درآمدات 64.4 فیصد اضافے سے 29.9 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاوٴ نٹ خسارے میں 7.1 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، خسارہ جی ڈی پی کا 5.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا ،براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 12.3 فیصد کمی سے 797.7 ملین ڈالر رہی جبکہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 79 ملین ڈالر منفی ہو گئی ۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ زرمبادلہ ذخائر دسمبر کے تیسرے ہفتے تک 23.868 ارب ڈالر ہوگئے، اسٹیٹ بینک 17 ارب 51 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.45 ارب ڈالر رہے، ڈالر کی شرح تبادلہ 178.12 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، چار ماہ میں ٹیکس ریونیو 36.8 فیصد اضافے سے 2319.1 ارب روپے رہا، جولائی سے اکتوبر میں نان ٹیکس آمدنی 5.4 فیصد اضافے سے 452 ارب رہی ۔

ستمبر کے اوائل تک پی ایس ڈی پی کی مد میں 392.7 ارب روپے منظورکئے گئے ،جولائی سے اکتوبر تک مالیاتی خسارہ بڑھ کر 587 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا ، پانچ ماہ میں زرعی قرضے 3.9 فیصد اضافے سے 488.5 ارب روپے کی سطح پررہے ، نومبر میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 11.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ، 5 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 9.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، بڑی صنعتوں کی شرح نمو اکتوبر میں منفی 1.2 فیصد تک رہی ، بڑی صنعتوں کی شرح نمو جولائی سے اکتوبر میں 3.6 فیصد تک رہی جبکہ اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 44 ہزار 267 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔