پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں روٹی کا وزن مزید گھٹ گیا، نانبائیوں نے ازخود ہی روٹی کا وزن کم کر دیا، انتظامیہ نے قیمتوں اوروزن کا تعین توکیا ہے لیکن عملدرآمد نہ ہوسکا۔
پشاورمیں روٹی کے وزن اور قیمتوں کا فرق ختم نہ ہوسکا، مختلف علاقوں میں 10 روپے سے لیکر 15 اور 20 روپے میں روٹی فروخت ہونے لگی جبکہ وزن بھی کم ہوگیا۔ پشاور کے اندرون شہر سمیت نواحی علاقوں میں روٹی کا وزن کم کرتے ہوئے قیمت بھی 15 روپے وصول کرنے کی شکایات سامنے آرہی ہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے روٹی کی قیمت اوروزن کا تعین توکیا گیا ہے لیکن روٹی کا وزن بہت کم ہے۔
دوسری جانب نانبائیوں کا کہنا ہے نہ صرف آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ سوئی گیس اور ایل پی جی کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں جس سے کاروبارمیں نقصان کا سامنا ہے، نانبائیوں کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے نیا نرخنامہ بھی جاری نہیں کیا جارہا۔
انتظامیہ اور نانبائیوں کے درمیان گزشتہ سال مذاکرات کے دوران 150 گرام وزن روٹی کی قیمت 15 روپے جبکہ 100 گرام روٹی کی قیمت 10 روپے مقرر کی گئی تھی۔