ای سی سی اجلاس: آٹا، چینی، گھی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا

Published On 16 July,2021 04:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اجلاس میں آٹے کا تھیلا 150 روپے، چینی 17 روپے اورگھی کی فی کلوقیمتوں میں 90 روپے اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران رعایتی نرخ پر گھی کی سہولت ختم کر دی گئی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر گھی 90 روپے فی کلو مہنگا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی 170 کے بجائے 260 روپے کلو ملے گا، کمیٹی نے یوٹیلیٹی سٹورز پر 3 بنیادی اشیا مہنگی کرنے کی منظوری دیدی، چینی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے کا اضافہ کردیا گیا، چینی 68 روپے کے بجائے 85 روپے کلو دستیاب ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 150 روپے مہنگا کردیا گیا، 20 کلو آٹا کا تھیلا 800 روپے سے بڑھا کر 950 روپے کردیا گیا۔