ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ

Published On 16 April,2021 05:44 pm

اسلام آباد، (دنیا نیوز) ملک بھر میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.54 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے، ٹماٹر، آلو، آٹا، گوشت گھی مہنگا ہوگیا۔ حالیہ ہفتے کیلا 16 روپے 22 پیسے فی درجن مہنگے ہوا۔ ٹماٹر 7روپے 16 پیسے، آلو 3روپے 17 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔ 20کلو آٹے کا تھیلا 26 روپے 9 پیسے مہنگاہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 988 روپے 36 پیسے ہوگئی ہے۔ ایک ہفتے میں بیف 4روپے 62 پیسے ، مٹن 6 روپے 72 پیسے فی کلو مہنگاہوا۔ بیف کی فی کلو قیمت 494روپے 32 پیسے مٹن 1030 روپے 55 پیسے فی کلو کا ہوگیاہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں برائلر مرغی کی قیمت بھی ایک روپے 20 پیسے فی کلو بڑھی، ڈالڈا کوکنگ آئل 5 روپے 95 پیسے مہنگاہوا، ڈالڈا، حبیب گھی کا اڑھائی کلو کا ڈبہ 1 روپے 77 پیسے مہنگاہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، حالیہ ہفتے لہسن 7 روپے 35 پیسے فی کلو سستا ہوا، دال چنا 3 روپے 92 پسے دال مسور2 روپے 70پیسے سستی ہوئی۔ دال ماش 4 روپے 22 پیسے فی کلو سستی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 16روپے 59 پیسے سستا ہوا، چینی 72 پیسے فی کلوسستی ہوئی، چینی کی اوسط قیمت 97 روپے 10 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔