عوام کو ریلیف دینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

Published On 30 March,2021 07:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کی طرف سے عوام کو ایک مرتبہ پھر ریلیف دیئے جانے کا امکان ہے، یکم اپریل سے پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے تک کمی ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق یکم اپریل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، اوگرا نے سمری وفاقی حکومت کو ارسال کر دی ہے، پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر تک کمی کاامکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اڑھائی روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ لیوی کی شرح بڑھانے پر موجودہ قیمتیں برقرار رہ سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس وقت فی لیٹر پٹرول پر 11 روپے 23 پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔ فی لیٹر ڈیزل پر 12روپے 74پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔ مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کرینگے۔

یاد رہے کہ 15فروری کے بعد سے لیکر اب تک وزیراعظم عمران خان کی متعدد بار سمریوں کو مسترد کرتے ہوئے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

15 فروری کو وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی تھی۔

اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں14.07روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13.61 روپےفی لٹر اضافے کی تجویز تھی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10.79روپے کی سفارش کی گئی تھی۔ اوگرا نے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7.43 روپے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر حد تک جائے گی۔

28 فروری کو ایک مرتبہ پھر وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ قیمتیں برقرار رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں بتایا کہ اوگرا نے تقریباً 6 سے 7 روپےفی لیٹر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھانے کی تجویز کی۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ تجویز منظور نہیں کی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود وزیراعظم نے اجازت نہیں دی۔

15 مارچ کو ایک مرتبہ پھر حکومت کی طرف سے فیصلہ کیا گیا کہ پٹرول کی قیمت مستحکم رکھی جائے گی۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا، تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.42 رپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2.19 روپے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے پہلے اڑھائی ماہ کے دوران حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات مسلسل 5 بار مہنگا کی جا چکی تھی، یکم دسمبر سے 15 فروری تک پیٹرولیم مصنوعات 16 روپے 37 پیسے تک مہنگی کی جاچکی تھیں۔ اسی عرصے میں پیٹرول 11 روپے 21 پیسے فی لٹر پہلے مہنگا کیا گیا تھا۔

اڑھائی ماہ کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل 14 روپے 64 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا۔ اسی عرصے میں مٹی کا تیل 14 روپے 90 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا۔ ڈھائی ماہ میں لائٹ ڈیزل 16 روپے 37 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا تھا۔