اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان آئی ایم ایف کے بھاری جرمانے سے بچ گیا،پاکستان نے آئی ایم ایف کو قرضوں کے درست اعداد و شمار فراہم نہیں کیے تاہم غلطی کی نشاندہی کرنے پر بڑی مشکل ٹل گئی۔
آئی ایم ایف کی دستاویز کے مطابق پاکستان کی گزشتہ حکومت نے سال 2016 میں قرضوں پر گارنٹی کی مد میں 357 ارب روپے کم ظاہر کیے۔ موجودہ حکومت نے بھی 2019ء میں یہی غلطی دہرائی اور قرض پروگرام کیلئے یہی غلط اعدادوشمار آئی ایم ایف کو فراہم کر دئیے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری
دستاویز کے مطابق پاکستان درست اعداد و شمار ظاہر نہ کرکے آئی ایم ایف کے آرٹیکل 8 کی سیکشن 5کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا۔ حکومت کو غلطی کا احساس ہونے پر خود ہی عالمی مالیاتی ادارے کو آگاہ کیا اور اعدادوشمار میں شفافیت کی یقین دہانی کرائی ۔ حکومت کے بروقت اقدام سے پاکستان بھاری جرمانے سے بچ گیا۔