کے پی حکومت کی حکمت عملی، ایک سو سے زائد مختلف ٹیکسز اور فیسیں ختم کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 31 January,2020 09:39 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ میں چھوٹے کاروبار کے فروغ کے لیے حکمت عملی طے کر لی، صوبے بھر میں ایک سو سے زائد مختلف ٹیکسز اور فیسیں ختم کی جائیں گی، تاجروں اور کاروباری طبقے میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

خیبر پختونخوا کو کاروبار کیلئے موزوں ترین صوبہ بنانے کیلئے حکومت کا ایک بڑا قدم، چھوٹے کاروبار کو فروغ دینے کی حکمت عملی طے کر لی گئی۔ ایک سو سے زائد مختلف ٹیکسزاور فیسیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کے مطابق کے پی حکومت جہاں پیسے بچا کر عوام پر خرچ کرنے کے منشور پر عمل کر رہی ہے وہیں ریونیو 83 فیصد بڑھایا گیا ہے جو پاکستان میں ایک ریکار ڈ ہے۔ دوسری جانب صوبے کو کاروبار کیلئے موزوں بنانے اور عوام کی سہولت کیلئے ایک سو سے زائد مختلف ٹیکسز کو ختم کیا جا رہا ہے۔

مہنگائی کے عذاب میں پھنسے خیبر پختونخوا اور خاص طور سے پشاور کے کاروباری حضرات کے لئے یہ خبر انتہائی خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق اس سے نہ صرف عوام بلکہ صوبہ بھی ترقی کرے گا۔

حکومت کی جانب سے گزشتہ بجٹ میں 30 کے قریب مختلف ٹیکسز کم کئے گئے ہیں جبکہ اب بھی پروفیشنل ٹیکس سمیت کئی دیگر سروسز ٹیکسز ختم کرنے کیلے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔