عالمی بینک کی ہنڈائی نشاط موٹرز کو ساڑھے 6 کروڑ ڈالر قرض کی گارنٹی

Last Updated On 15 August,2018 06:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عالمی بینک گروپ کے رکن میگا نے ہنڈائی نشاط موٹرز کے اسمبلنگ پلانٹ کے لیے ساڑھے 6 کروڑ ڈالر سے زائد کے قرضوں کی گارنٹی دے دی۔

نشاط گروپ اور ہنڈائی موٹر کمپنی کے اشتراک سے فیصل آباد میں اسمبلنگ پلانٹ لگانے پر کام جاری ہے۔ عالمی بینک گروپ کے رکن میگا نے نشاط گروپ کے ہنڈائی نشاط موٹرز کو ساڑھے 6 کروڑ ڈالر سے زائد کے قرضوں کی گارنٹی دی ہے۔ یہ رقم فیصل آباد میں گاڑیوں کی اسمبلنگ پلانٹ کے لیے استعمال ہوگی۔

ہنڈائی نشاط موٹرز کے پلانٹ میں چھوٹی اور درمیانی سائز کی اسپورٹس گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔ سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی چھوٹی گاڑیاں بھی یہاں اسمبل ہوں گی۔ اس پلانٹ میں سالانہ 30,000 گاڑیاں تیار کرنے کی گنجائش ہو گی۔ منصوبے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں یہ منصوبہ اہم ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ ہنڈائی نشاط موٹرز کے اسمبلنگ پلانٹ سے تجارتی بنیادوں پر پروڈکشن مارچ 2020 سے شروع کردی جائے گی، جس کیلئے روڈ میپ بننے کے ساتھ تمام ضروری انتظامات کیے جا چکے ہیں۔

آٹو موبائل ماہرین کے مطابق سابق حکومت نے پانچ سالہ آٹو پالیسی کے تحت ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کی غرض سے دنیا بھر کے کار میکرز کو پُرکشش مراعات اور ترغیبات دینے کا اعلان کیا تھا۔

کمپنی کے ذرائع کے مطابق ہنڈائی موٹر کمپنی پہلے ہی ملک میں 15 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کرچکی ہے۔ کمپنی کی پاکستان میں اسمبل کی گئی گاڑیاں مارکیٹ میں آنے سے کار اسمبلرز میں صحت مند مسابقت بڑھے گی اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔