دھاندلی کی تحقیقات، سینیٹ ارکان کی شمولیت کی تحریک منظور

Last Updated On 03 October,2018 05:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دھاندلی کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی میں سینیٹ ارکان کی شمولیت کی تحریک منظور کر لی گئی، 30 رکنی کمیٹی میں 20 ارکان قومی اسمبلی سے ہوں گے۔

سپیکر اسد قیصر کے زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیرِ مملکت علی محمد خان نے دھاندلی کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی میں سینیٹ ارکان کی شمولیت کی تحریک پیش کی جو منظور کر لی گئی۔

تحریک میں کہا گیا کہ کمیٹی 30 ارکان پر مشتمل ہو گی، 20 ارکان قومی اسمبلی جبکہ 10 سینیٹ سے ہوں گے۔ کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومت کی برابر نمائندگی ہو گی۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپوزیشن کے دھرنے کی نوبت نہیں آنے دی، حکومت دھاندلی کے الزامات کی شفاف تحقیقات چاہتی ہے، رکن مسلم لیگ ن رانا تنویر کا کہنا تھا کہ حکومت کی نیت صاف ہوئی تو تحقیقات شفاف ہوں گی۔