اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کی حمتی پوزیشن کی فہرست آج جاری کرے گا، ایک سے زائد نشستیں رکھنے والے ارکان سے استعفے بھی طلب کرلیے۔
الیکشن کمیشن نے ایک سے زائد نشستوں پر جیتنے والے امیدواروں سے کہا کہ فوری طور پر ایک نشست رکھ کر باقی سے مستعفی ہوں، اپنا استعفیٰ وفاقی یا صوبائی چیف الیکشن کمشنر آفس کو بجھوایا جائے، کمیشن نے انتخابی فہرستیں بھی غیر منجمند کر دیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئین کے مطابق کوئی بھی رکن قومی یا صوبائی اسمبلی ایک وقت میں صرف ایک ہی نشست رکھ سکتا ہے، کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ استعفیٰ خود یا مجاز ایجنٹ کے ذریعے وفاقی یا صوبائی الیکشن کمشنر آفس کو بھیجے جائیں۔
دسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتخابی فہرستیں غیر منجمد کر دیں۔ غیر منجمد ہونے کے باعث انتخابی فہرستوں میں آئندہ ایک ماہ تک اندراج یا تبدیلی ہوسکے گی، ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری ہوتے ہی متعلقہ حلقوں میں فہرستیں دوبارہ منجمد کر دی جائیں گی۔
خیال رہے آزاد حیثیت سے کامیاب ہونے والے اراکین کی سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن تفصیلات جاری نہیں کرسکتا تاہم ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے 9 نومنتخب آزاد ارکان نے الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے حلف نامے جمع کرا دئیے۔ ان ارکان نے پی ٹی آئی میں شمولیت ظاہر کی ہے، قومی اسمبلی کے 4 ارکان نے آزاد حیثیت برقرار رکھی ہے۔
این اے 13 سے صالح محمد، این اے 101 سے عاصم نذیر، این اے 150 سے سید فخر امام،این اے 166 سے عبدالغفار ، این اے 181 سے شبیر علی، این اے 190 سے امجد فاروق، این اے 205 سے علی محمد، این اے 97 سے ثنا اللہ مستی خیل اور این اے 185 سے مخدوم زادہ باسط سلطان نے تحریک انصاف میں شمولیت کے حلف نامے جمع کروا دئیے۔
پنجاب اسمبلی سے 26 آزاد ارکان نے سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے حلف نامے جمع کرائے۔ پنجاب اسمبلی کے 23 آزاد اراکین نے تحریک انصاف، 1 رکن نے مسلم لیگ ن اور ایک نے رائے حق پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پنجاب اسمبلی کے 3 اراکین نے آزاد حیثیت برقرار رکھی۔