عمران خان این اے 53 سے بھی کلیئر، نوٹیفکیشن جاری

Last Updated On 10 August,2018 05:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ووٹ کی رازداری سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کی معذرت قبول کرتے ہوئے از خود نوٹس واپس لے لیا۔ این اے 53 سے چیئرمین پی ٹی آئی کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

 چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے ووٹ کی رازداری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور عمران خان کا بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔

عمران خان کے جواب میں کہا گیا ہے کہ اکیلا ہی پولنگ اسٹیشن میں گیا اور بیلٹ پیپر دیا گیا، میں نے انتخابی عملے سے دریافت کیا کہ بیلٹ پیپر پر کس جگہ جا کر مہر لگانی ہے، بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کیلئے مجھے ایک میز استعمال کرنے کا کہا گیا، مہر لگاتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں نے میری اجازت کے بغیر تصویر لے لی، جان بوجھ کر قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی پھر بھی غیرمشروط معافی مانگتا ہوں۔ جواب میں عمران خان نے الیکشن کمیشن سے نوٹس ختم کرنے کی استدعا کی تھی۔