الیکشن کمیشن کا بڑا اقدام، ملک بھر کے فارم 45 ویب سائٹ پر جاری

Last Updated On 08 August,2018 01:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد فارم 45 ویب سائٹ پر جار کر دیئے۔ فارم 45 اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کے اعتراضات کے بعد کیا گیا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کا فارم عوام کے سامنے رکھا گیا۔

خیال رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں جیتنے والے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 815 امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے نامزد وزیر اعظم عمران خان کے دو حلقوں سمیت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 26 نتائج روک لیے گئے۔

تحریک انصا ف نے نتائج روکنے پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتقال اقتدار کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیداکی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مجموعی طور پر 841 حلقوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 815 کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔ عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں زیر سماعت مقدمات کے باعث کچھ حلقوں میں نوٹی فکیشن روکے گئے ہیں جبکہ کچھ فیصلے سے مشروط کر دیئے گئے ہیں۔