بڑے سیاسی رہنماؤں نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرا دیں

Last Updated On 04 August,2018 07:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انتخابی گوشوارے جمع کرانے کا آج آخری دن، شہبازشریف، عمران خان، عبدالعلیم خان، بلاول بھٹو، رانا ثناء اللہ اور فریال تالپور نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرا دیں۔

انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے کا آخری دن، مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے این اے 132 لاہور میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرا دیں۔ شہباز شریف نے انتخابات کے دوران 19 لاکھ 34 ہزار 447 روپے خرچ کیے۔ گاڑیوں میں تیل کی مد میں 6 لاکھ روپے خرچ کیے گئے جبکہ اشتہاروں پر 11 لاکھ روپے کا خرچہ آیا۔ ریٹرننگ افسر نے شہباز شریف کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات درست قرار دے کر الیکشن کمیشن کو ارسال کردی۔

حلقہ این اے 131 میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات عمران خان کے نمائندے محمد امجد نذیر نے جمع کرائیں۔ انتخابات کے دوران چیئرمین تحریک انصاف نے مجموعی طور پر 9 لاکھ 97 ہزار 925 روپے خرچ کیے۔ این اے 129 لاہور سے تحریک انصاف کے امیدوار عبدالعلیم خان نے بھی انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرائیں۔ عبدالعلیم خان نے انتخابی مہم کے دوران 39 لاکھ 84 ہزار 500 روپے خرچ کیے۔

فیصل آباد میں این اے 106 سے رانا ثناء اللہ نے انتخابات کے دوران ایم این اے کی نشست کے لیے 32 لاکھ 25 ہزار روپے خرچ کیے۔ لاڑکانہ این اے 200 سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابات کے دوران 33 لاکھ 36 ہزار 106 روپے خرچ کیے۔

دوسری طرف پی ایس 10 لاڑکانہ سے کامیاب پیپلزپارٹی کی رہنماء فریال تالپور نے ریٹرننگ آفیسر کے پاس پیش ہو کر گوشوارے جمع کرائے۔ فریال تالپور کی جانب سے الیکشن مہم کے دوران 18 لاکھ 26 ہزار روپے خرچ کیے گئے۔