اسٹار کھلاڑیوں کی انتخابی میدان میں انٹری، پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ کیا

Last Updated On 25 July,2018 07:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انتخابی میچ میں سیاستدان ہی نہیں اسٹار کھلاڑی اور لیجنڈز بھی کھل کر کھیلے، لیجنڈری سلطان وسیم اکرم، شعیب اختر، چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مشتاق احمد ہی نہیں قومی کپتان سرفراز احمد، ثناء میر اور محمد حفیظ کے علاوہ ہاکی اولمپئن نوید عالم نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔

پاکستان کا مستقبل بدلنے کے دن، میچز کا پانسہ پلٹنے والے بھی اِن ایکشن، چیف سلیکٹر انضمام الحق، سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور لیگ اسپنر مشتاق احمد نے اسے اہم ترین میچ قرار دے دیا۔ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم، قومی کپتان سرفراز احمد اور پروفیسر کے نام سے مشہور محمد حفیظ، عمر گل اور ویمن کپتان ثناء میر نے بھی ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد خوشی خوشی تصویر جاری کی۔ پوری قوم اپنی تقدیر بدلنے کے دن پرجوش نظر آئی۔

قومی کھیل ہاکی کے لیجنڈ اولمپئن نوید عالم نے بھی اسے قومی فریضہ ہی کہا۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل کے ریکارڈ ہولڈر امپائر علیم ڈار اور سابق ٹیم منیجر اظہر زیدی نے بھی اہم ذمہ داری نبھائی اور ووٹ کاسٹ کیا۔